راجوری میں ملی ٹینٹ فرار، تلاشی مہم جاری

Mir Ajaz
2 Min Read

سمیت بھارگو

راجوری //سیکورٹی فورسز نے پیر کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ اور راجوری اضلاع کے نئے علاقوں میں جاری تلاشی مہم کو بڑھا دیا تاکہ خطے میں حالیہ انکائونٹر کے بعد ملی ٹینٹوں کا پتہ لگایا جا سکے۔ہفتہ کی شام کٹھوعہ ضلع کی بلاور تحصیل کے دور افتادہ کوگ منڈلی جنگلاتی گائوں میں ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل اور ایک ملی ٹینٹ ہلاک اور ڈی ایس پی آپریشنز سمیت2 پولیس افسر شدید گولی باری میں زخمی ہوئے، وہیں اتوار کی شام راجوری ضلع کے تھانہ منڈی علاقہ منیال گلی میںملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ کٹھوعہ میں تیسرے دن بھی بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے اور سنیچر کے انکائونٹر کے مقام کے قریب ایک درجن سے زیادہ دیگر دیہاتوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جیش محمدکے کم از کم تین اور غیر ملکی ملی ٹینٹ جنگل کی پٹی میں چھپے ہوئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کارلایا جارہا ہے ۔سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ فوج ، پولیس، پیرا ملٹری فورسز اور پیر اکمانڈوز نے ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے رکھا ہے ۔راجوری میں، حکام نے بتایا کہ ملی ٹینٹ اتوار کی شام تھانہ منڈی علاقے کے منیال گلی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک مختصر مقابلے کے بعد فرار ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ آپریشن اتوار کو دیر گئے بند کر دیا گیا اور دوبارہ شروع کر دیا گیا اور پیر صبح اسے نئے علاقوں تک بڑھا دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملی ٹینٹوںسے کوئی نیا رابطہ نہیں ہوا ہے۔ پیر کی صبح بھی سیکورٹی فورسز نے ایک درجن علاقوں کو محاصرے میں لے کر دوبارہ تلاشی آپریشن چلایا۔

Share This Article