عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سماجی بہبود محکمہ کی جانب سے راجوری میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین ایڈووکیٹ نسیم لیاقت اور رکن اسمبلی راجوری افتخار احمد نے معذور افراد کے درمیان امدادی سامان اور آلات تقسیم کئے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں معذور افراد اور عام شہری موجود تھے۔اپنے خطاب میں ایم ایل اے افتخار احمد نے کہا کہ معذور افراد کے لئے حکومت کی جانب سے مختلف فلاحی اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں جن سے فائدہ اٹھانا ہر مستحق کا حق ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آن لائن درخواست دیں یا پھر متعلقہ محکمے کے دفاتر کے علاوہ ان کے دفتر سے بھی رجوع کر کے ان اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں۔مزید برآں، انہوں نے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر کو ہدایت دی کہ ضلع کے ہر بلاک میں بیداری کیمپ منعقد کئے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے افراد کو بھی ان اسکیموں کی جانکاری مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیمپ معذور افراد کو تعلیم دینے اور ان تک سہولیات پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گے اور کسی بھی مستحق کو پیچھے نہیں رہنے دیا جائے گا۔چیئرمین ڈی ڈی سی راجوری ایڈووکیٹ نسیم لیاقت نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کے لئے چلائی جا رہی اسکیموں کی وسیع پیمانے پر تشہیر ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ان کوششوں کا مقصد معذور افراد کو خود مختار اور باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنانا ہے۔