عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے راجوری میں مبینہ فوڈ پوائزننگ یا کسی نامعلوم بیماری کی وجہ سے تین بچوں کی اموات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے تلقین کی ہے کہ وہ اس ضمن میں فوری اقدامات کرے۔سید محمد الطاف بخاری نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا، ’’راجوری کے گاؤں بڈھال گاوں میں مزید دو بچوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ خواہ یہ اموات فوڈ پوائزننگ سے ہوئی ہوں یا کسی نامعلوم بیماری کی وجہ سے، یہ اموات واقعی افسوسناک اور تشویشناک ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’متاثرین میں دو بھائی اور ایک بہن شامل ہے اور اْن کی عمریں دس سال سے کم ہیں۔ دیگر چار بچے فی الوقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔‘‘حکام سے اس معاملے کی طرف فوری توجہ دینے اور مطلوبہ اقدامات کرنے کی تلقین کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’یہ ایک تشویشناک واقعہ ہے اور حکام بالخصوص محکمہ صحت کے افسران کو اس میں فوری مداخلت کرنی چاہیے اور مطلوبہ اقدامات کرنے چاہیں۔‘‘