عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری میں عالمی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے شہر میں صفائی اور ماحول کی بہتری کے لئے شروع کی گئی بھوک ہڑتا ل کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے بعد عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔یہ احتجاج کونسل کے جموں و کشمیر یوٹی یونٹ کے صدر بال کرشن شرما اور نائب صدر ردھیش شرما کی قیادت میں ہفتہ کی صبح شروع ہوا تھا اور اتوار کو دوسرے دن بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے راجوری شہر میں بڑھتے ہوئے کچرے کے ڈھیر اور مناسب کچرا تلفی کے نظام کی فوری ضرورت پر زور دیا۔مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسران کے وفد، جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری چندر پرکاش کر رہے تھے، کے ساتھ بات چیت کے بعد بھوک ہڑتال کو وقتی طور پر معطل کرنے پر اتفاق کیا۔اے ڈی سی نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ پہلے ہی شہر میں صفائی ستھرائی اور کچرا نظم و نسق کے مسائل کے حل کے لئے ایک جامع منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ایک مؤثر کچرا تلفی اور ماحولیاتی بہتری کا نظام نافذ کیا جائے گا تاکہ راجوری کو صاف، سرسبز اور خوشحال بنایا جا سکے۔کونسل کے ممبران نے انتظامیہ کی بات چیت اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی مفاد کے لئے تعاون جاری رکھیں گے اور شہر کی صفائی و ماحول کے تحفظ کے لئے سرگرم رہیں گے۔