عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کہا کہ مالی برس 2025-26 ء کے لئے راجوری ضلع میں شہروں اور قصبوں کے تحت 277 منصوبوں کے لئے 37.77 کروڑ روپے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔نائب وزیراعلیٰ اایوان میں رُکن اسمبلی افتخار احمد کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ منی سیکرٹریٹ راجوری کو سال 2011-12کے لئے سپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کے تحت 10 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جس میں سے 7.50کروڑ روپے اِستعمال ہو چکے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ سائٹ پر ذیلی ڈھانچے کا کام بشمول کالموں کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ تاہم، اس معاملے کو حل کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ کے ساتھ بات کی جائے گی۔‘‘نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ راجوری ضلع میں نبارڈ اور یوٹی کیپکس کے تحت 53 منصوبوں کے لئے 4942.16 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں کالا کوٹ۔سندربانی، نوشہرہ، راجوری، بدھل اور سرنکوٹ کے علاقے شامل ہیں۔ اِسی طرح ڈِسٹرکٹ کیپکس کے تحت 2025-26 کے دوران راجوری کے لئے 8,791 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ منصوبے بشمول سڑکیں اور پُل مقررہ معیارات، زمینی ضروریات، وسائل کی دستیابی اور ایم ایل ایز اور ڈی ڈی سی ممبران کی سفارشات کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر انجام دئیے جاتے ہیں تاکہ تمام علاقوں میں مساوی اور ضرورت کے مطابق ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔