عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سیوا پَرو 2025 کے سلسلے میں جاری سرگرمیوں کے چوتھے دن ضلع راجوری میں فلاحی اقدامات، ماحولیاتی پہل کاریوں اور بیداری پروگراموں کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ تقریبات 17 ستمبر سے 2 اکتوبر تک منعقد کی جا رہی ہیں۔’ایک پیڑ ماں کے نام‘ پہل کے تحت ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں طلباء نے پودے لگائے تاکہ نئی نسل میں ماحول دوست رویہ اور ذمہ داری کا احساس پیدا ہو۔محکمہ دیہی ترقی نے امرت سروورز کے نزدیک شجرکاری مہم چلائی تاکہ پانی کے تحفظ اور مقامی حیاتیاتی تنوع کو فروغ دیا جا سکے۔ کلکوٹ میں امرت سروور کے آبی ذخائر کی صفائی بھی عمل میں لائی گئی۔سرکاری ڈگری کالجوں میں مفت طبی کیمپ لگائے گئے جہاں طلباء کو بنیادی تشخیص اور مشاورت کی سہولت دی گئی۔ اسی دوران کالج کی ٹیموں نے بزرگ شہریوں کے گھروں کا دورہ کرکے ان کی خدمت اور دیکھ بھال کی۔ گورنمنٹ پی جی کالج راجوری میں ڈونیشن ڈرائیو کے دوسرے دن طلباء و اساتذہ کی جانب سے 12,500 روپے کا عطیہ جمع کیا گیا۔محکمہ صحت نے آیوشمان بھارت – پی ایم جے اے وائی اسکیم کے تحت بڑی تعداد میں رجسٹریشن کئے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو صحت انشورنس کے دائرے میں لایا جا سکے۔ سماجی بہبود محکمہ نے ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈ مضبوط کرنے کے لئے آدھار پر مبنی ہیلتھ آئی ڈی جاری کئے۔ شہری بلدیاتی اداروں نے قصبوں میں خصوصی صفائی مہمات کے ساتھ ساتھ سڑک کنارے فروشوں میں پی ایم سواندھی اسکیم کے بارے میں آگاہی پیدا کی۔اسی طرح محنت کش طبقے کے لیے محنت محکمہ نے اَکھل بھارتیہ صفائی مزدور سنگھ کے اشتراک سے ٹاؤن ہال راجوری میں ایک بیداری کیمپ منعقد کیا، جس میں جے اینڈ کے بلڈنگ اینڈ اَدر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ کی اسکیموں پر روشنی ڈالی گئی تاکہ مزدور اپنے حقوق اور سہولیات سے واقف ہو سکیں۔