عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری نے رمضان المبارک کے دوران عوامی مسائل کے فوری ازالے کے لئے ایک کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ’عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ضلع ہیڈکوارٹر پر ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں شہری بجلی، پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری اشیاء سے متعلق مسائل کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ڈی سی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی کو خصوصی طور پر ہدایت دی گئی کہ وہ سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اسی طرح، ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای کو پورے ضلع میں پانی کی مسلسل اور مناسب فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔صفائی اور ستھرائی کے پیش نظر، میونسپلٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ خاص طور پر شہری علاقوں اور مذہبی مقامات کے ارد گرد صفائی کے انتظامات یقینی بنائیں۔اس کے علاوہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ADCs) اور سب ڈویژنل مجسٹریٹس (SDMs) کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں اجلاس منعقد کریں، انتظامات کا جائزہ لیں اور عوامی شکایات کو فوری حل کریں۔فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ بازاروں کا معائنہ کرے اور کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے سخت اقدامات کرے تاکہ ملاوٹ شدہ یا ناقص اشیاء کی فروخت روکی جا سکے۔