عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// ضلع راجوری کے کرحد گاؤں میں منگل کے روز ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں دو کمسن بھائی، محمد پرویز (8) اور امتیاز احمد (10) نامعلوم مادہ ملا ہوا کولڈ ڈرنک پینے کے بعد بیمار ہو گئے۔ اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ یہ مشروب بچوں کے حقیقی چچا کی جانب سے دیا گیا تھا۔اہل خانہ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں بچے اسکول جا رہے تھے۔ راستے میں ان کے چچا نے انہیں ایک کولڈ ڈرنک دیا جسے پینے کے کچھ ہی دیر بعد دونوں کی طبیعت بگڑ گئی۔ بچوں کے والد گلزار حسین نے بتایا کہ’’میرا اپنے بھائی کے ساتھ کچھ عرصے سے تنازعہ چل رہا ہے، اور مجھے شک ہے کہ اسی رنجش کی بنا پر اس نے میرے بچوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی‘‘۔بچوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال نے میڈیا کو بتایاکہ ’’بچوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے لیکن انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے‘‘۔ڈاکٹر جاوید نے مزید کہاکہ ’’بچوں کے بیان کے مطابق انہوں نے ایک کولڈ ڈرنک پی تھی جو ان کے چچا نے دی تھی، جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہوئی‘‘۔مقامی پولیس اور دیگر انتظامیہ کو اس واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے، اور پولیس نے ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ خاندان کی جانب سے باضابطہ شکایت درج کرائی گئی ہے اور مشتبہ شخص سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔یہ واقعہ علاقے میں خوف و ہراس کا باعث بن گیا ہے، اور لوگ بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ معاملے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی۔