سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے جواہر نگر علاقے میں بدھ کی شام ایک 9 سالہ بچے کو طوفانی دریا کے بیچ سے بحفاظت بچا لیا گیا۔ بچہ تیز بارش کے بعد دریا کے پانی میں اچانک اضافے کے سبب پھنس گیا تھا، جسے نکالنے کے لئے چار گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کیا گیا۔واقعہ راجوری ٹاؤن کے بادالہ منگ علاقے میں پیش آیا جہاں ایک کمسن بچہ مویشی چرا رہا تھا۔ اچانک بارش کی شدت بڑھنے پر دریا کا پانی خطرناک حد تک بڑھ گیا اور بچہ درمیان میں ایک خشک ٹکڑے پر پھنس کر رہ گیا۔ دونوں طرف پانی کا شدید بہاؤ تھا اور بچہ ایک چھوٹے سے حصے پر کھڑا اپنی جان کی جنگ لڑ رہا تھا۔مقامی لوگوں نے بچے کو دریا کے بیچ پھنسے دیکھا تو فوری طور پر شور مچایا اور اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف، پولیس، سول انتظامیہ اور مقامی لوگ موقع پر پہنچے۔ رسیوں اور دیگر دستی ذرائع سے بچے کو نکالنے کی کئی کوششیں کی گئیں مگر دریا کے شدید بہاؤ کے باعث تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔اس کے بعد 225 فیلڈ رجمنٹ کے کمانڈنگ آفیسر پربھات کمار، لائڑن آفیسر گنیش داس، آرمی انجینئرنگ رجمنٹ اور رومیو فورس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ لیکن پانی کی شدت کے سبب زمینی ذرائع سے بچاؤ ممکن نہ ہو سکا۔آخرکار آرمی کی جانب سے ہیلی کاپٹر کی مدد طلب کی گئی۔ وائٹ نائٹ کور کے بہادر پائلٹوں نے خراب موسم اور خطرناک حالات کے باوجود فوری طور پر کارروائی شروع کی۔ انہوں نے نوسہرا تاوی دریا کے بیچ کم بلندی پر ہیلی کاپٹر کو منڈلاتے ہوئے بغیر کسی لینڈنگ جگہ کے لڑکے کو ریسکیو کیا۔آرمی نے کہا کہ یہ کام ان کی معمول کی ڈیوٹی سے کہیں بڑھ کر تھا اور ہمارے پائلٹس نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ بھارتی فوج نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کی زندگی کے تحفظ کیلئے پیش پیش ہے۔عوامی حلقوں اور مقامی انتظامیہ نے آرمی کے اس جرات مندانہ اقدام پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔