عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے سرگرم محکمہ وائلڈ لائف راجوری کی ایک ٹیم نے جواہر نگر راجوری کے ایک رہائشی مکان سے ایک سیویٹ بلی اور اس کے چار بچوں کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔محکمہ کے مطابق، انہیں ایک گھر میں جنگلی جانوروں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر فوراً ایک ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیویٹ بلی اور اس کے بچوں کو نقصان پہنچائے بغیر بحفاظت نکال لیا۔بازیاب کئے گئے جانوروں کو وائلڈ لائف سینٹر راجوری منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔ محکمہ کے مطابق، مکمل جانچ کے بعد ان جانوروں کو جلد ان کے قدرتی ماحول میں واپس چھوڑ دیا جائے گا۔محکمہ وائلڈ لائف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی جگہ جنگلی جانوروں کی موجودگی محسوس ہو تو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ انسانی اور جنگلی حیات دونوں کی حفاظت ممکن بنائی جا سکے۔