عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری قصبہ کے تھوڈی کھانڈلی علاقے میں ایک تیز رفتار آلٹو کار (نمبر JK-11-G-1931) بے قابو ہو کر متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گئی اور الٹنے کے بعد ایک سڑک کنارے کھڑی کار سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں دو کمسن بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔حادثہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا، جب متاثرہ کار انتہائی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر زخمیوں کو بچانے کے لئے مدد فراہم کی اور انہیں جی ایم سی راجوری منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی راجوری پولیس کے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ستیش کمار اور ایس ایچ او راجوری موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے تاکہ اس کے اصل اسباب معلوم کئے جا سکیں۔مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر تیز رفتاری پر سختی سے قابو پایا جائے تاکہ آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام ہو سکے۔
راجوری میں تیز رفتار کار حادثے کا شکار دو کمسن بچوں سمیت تین افراد زخمی
