نیوز ڈیسک
راجوری//راجوری کے دیہاتوں میں وسیع محاصرہ اور تلاشی آپریشن (سی اے ایس او) بدھ کو مسلسل دسویں دن بھی جاری رہا اور فورسز کی مشترکہ ٹیموں نے ڈھانگری گاؤں میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد شدید آپریشن جاری رکھا جس میں سات افراد ہلاک اور چودہ زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج، جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف پر مشتمل سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیموں نے راجوری ضلع کے دو درجن سے زیادہ دیہاتوں میں آپریشن کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈھانگری دہشت گردانہ حملے میں ملوث حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لئے آپریشن قریبی مربوط انداز میں کیا جا رہا ہے۔جموں و کشمیر پولیس کے سینئر افسران اور سی آر پی ایف کے افسران نے ڈھانگری کے حملہ آوروں کی تلاش کے آپریشن کی قریب سے نگرانی کرنے کے لئے علاقے کا دورہ کیا۔دریں اثناء راجوری ضلع کے کچھ اور لوگوں کو بھی سیکورٹی فورسز نے اس ماہ کے پہلے دن ڈھانگری دہشت گردانہ حملے اور اگلے دن آئی ای ڈی دھماکے کے بعد پولیس اسٹیشن راجوری میں درج کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لیا ہے جس میں اب تک سات افراد ہلاک اور چودہ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔