سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے گھمبیرعلاقے میں واقع ایرون کھیتر علاقہ میں جموں، راجوری اور پونچھ کو جوڑنے والی قومی شاہراہ اس وقت بلاک ہو گئی جب شاہراہ کی تعمیر کے دوران ایک مکان پر ملبہ گر گیا۔ متاثرہ مکان محمد صادق نامی شہری کی ملکیت ہے، جس میں دس افراد پر مشتمل خاندان رہائش پذیر ہے۔ملبہ گرنے سے مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے اور مکینوںکی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد متاثرہ خاندان نے سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی اور تعمیراتی ایجنسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاج کرنے والوں نے الزام لگایا کہ شاہراہ کی تعمیر کے دوران بارہا تحفظات کا اظہار کیا گیا، لیکن متعلقہ ایجنسیوں نے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے، جس کی وجہ سے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔ احتجاج کے سبب شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت دو گھنٹے تک معطل رہی، جس سے عام مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔صورتحال اس وقت قابو میں آئی جب سول انتظامیہ، پولیس اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور متاثرہ خاندان و مقامی لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح کیلئے ہونے چاہئیں، نہ کہ ان کے لئے خطرہ بن جائیں۔ متاثرہ خاندان نے فوری طور پر محفوظ رہائش اور مکان کی مرمت کے لئے حکومتی مدد کی اپیل کی ہے۔ادھر انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی اور متعلقہ ایجنسیوں کو حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے گا۔