راجوری //راجوری میں ایک پولیس اہلکار کی بندوق غائب ہونے پر پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کی طرف سے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔باوثوق ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ منصف جج راجوری کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار کی اے کے رائفل کہیں غائب ہوگئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ یہ بندوق گذشتہ روز بیلہ کالونی سے غائب ہوگئی جس کے بعد یہ معاملہ ضلع پولیس حکام کے نوٹس میں لایاگیا۔وہیں اطلاع ملتے ہی سیکورٹی حکام کی طرف سے سیکورٹی الرٹ جاری کردیاگیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کردیاگیاہے جبکہ اس سلسلے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات بھی شروع کی گئی ہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ پولیس کے سینئر افسران اہلکار سے پوچھ تاچھ بھی کررہے ہیں ۔ جب اس سلسلے میں ایس ایس پی راجوری ایم سلیمان چوہدری سے بات کی گئی تو انہوںنے بندوق غائب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میںہر زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہے جبکہ ایک کیس بھی درج کیاگیاہے ۔