پرویز خان+سید زاہد
منجا کوٹ+بدھل( راجوری)// راجوری ضلع میں جمعرات کو پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں چار افراد کی موت ہو گئی جبکہ 33 دیگر زخمی ہو گئے۔یہ جڑواں حادثات پونچھ میں سوجیان روڈ پر پیش آنے والے بڑے حادثے کے ایک دن بعد ہوئے ، جس میں گیارہ افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے تھے۔حکام نے بتایا کہ جمعرات کی صبح ایک بس زیر نمبر/9156 JK02CD ،پونچھ کے سرنکوٹ علاقے سے جموں جا رہی تھی،جس کے دوران جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ پرر صبح تقریباً 11بجکر50 منٹ پر بس کا ڈرائیور گاڑی پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور حادثے کا شکار ہو گیا۔ بدقسمت گاڑی ڈیری ریلیوٹ کے مقام پر سڑک کے کنارے تقریباً 300 فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حکام نے مزید کہا کہ بس میں سوار 26 دیگر مسافر زخمی ہو گئے۔اس حادثے کے فوراً بعد مقامی آبادی نے پولیس، فوج اور سول انتظامیہ کی ٹیموں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو نکالنا شروع کیا اور محکمہ صحت اور فوج کی نصف درجن ایمبولینسوں کو ریسکیو آپریشن پر لگایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 26 زخمیوں کو موقع سے بچا کر پرائمری ہیلتھ سنٹر منجاکوٹ لے جایا گیا جہاں سے15زخمیوں کو ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا جہاں 14 زخمی زیر علاج ہیں جبکہ ایک زخمی کو بعد میں جی ایم سی جموں ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناخت بس ڈرائیور ہرشد چودھری (26) ولد سریندر کمار ساکن چوکی نوشہرہ، بس کنڈکٹر راویز اقبال ولد محمد اقبال ساکن دربہ سرنکوٹ، محمد جہانگیر خان ولد محمد ریاض خان ساکن دھرتی مینڈھر اور نوشادہ اختر زوجہ محمد ساجد ساکن دبروٹ کے طور پر کی ہے۔زخمیوں کی شناخت افتاج ولد محمد اشرف سرنکوٹ، محمد سجاد ولد حقنواز پنجگڑیاں، نذیر شاہ سموٹ سرنکوٹ، تسویر بیگم زوجہ محمد ریاض خان دھرتی مینڈھر، مقصود احمد ولد مقصود احمد، محمد خورشید ساکن مرہوٹ سرنکوٹ، افراز احمد ولد نیاز احمد فضل آباد سرنکوٹ، محمد شکور ولد محمد صادق دوداساں بالا، شمشیر احمد ولد محمد بشیربھٹیاں، زبیدہ بیگم زوجہ نیاز احمد فاضل آباد سرنکوٹ ،شریف ولد محمد شفیع ڈیہری ریلیوٹ،نذیر احمد ولد محمد وزیر بھٹی مرہوٹ سرنکوٹ، ناہید اختر زوجہ اورنگزیب دھرگلون مینڈھر، محمد ساگر ولد محمد رشید خان فضل آباد ، اشفاق احمد ولد حقنواز ٹھنڈا کوٹ سرنکوٹ، زنجیب ولد منشاہ پور دھرگلون مینڈھر، شمیم اختر ولد محمد اکرم کوٹاں مینڈھر، محمد اکرم کوٹاں مینڈھر، میاں محمد ولد حمیدہ پھگلہ سرنکوٹ،محمد طارق ولد مہدی حسین مراد آباد یوپی، محمد راشد خان ولد الیاس خان فاگلہ سرنکوٹ، شارون میر ولد محمد صادق کوٹن مینڈھر اور تین دیگر کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ادھر بدھل راجوری حادثہ میں دو نوجوانوں سمیت سات زخمی ہوئے۔راجوری کوٹرنکا بدھل روڈ پر مندر گالا کے مقام پر صبح سویرے ایک سڑک حادثہ میں زخمی ہونے والوں میں دو نوجوان اور چار خواتین بھی شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ ایک ایکو گاڑی کوٹرنکا سے راجوری کی طرف جارہی تھی اور مندر گالا گاڑی سڑک کے کنارے کھیتوں میں گر گئی۔ حادثے میں سات افراد زخمی ہوئے جن میں دو نوعمر اور چار خواتین شامل ہیں جنہیں علاقے کے مقامی لوگوں نے سول اسپتال لے جایا جہاں سے چار زخمیوں کو جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ اسپتال راجوری ریفر کردیا گیا ہے۔زخمیوں میں بشارت احمد، ان کی اہلیہ گڈی بیگم، ان کی بیٹی مہرین کوثر، سعیدہ تبسم، دلشاد احمد، گلناز اختر اور سلیمان رشید شامل ہیں۔