عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// پردھان منتری آواس یوجنا-گرامین (PMAY-G) کے تحت آواس پلس 2.0 پر ایک روزہ ضلعی سطحی ورکشا پ وآگاہی پروگرام کا انعقاد ضلع انتظامیہ راجوری اور محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے اشتراک سے پی ڈبلیو ڈی ڈاک بنگلہ میں کیا گیا۔اس ورکشاپ کا مقصد اسکیم کی اہم خصوصیات، رجسٹریشن کے عمل اور بروقت اور مؤثر نفاذ کے لئے حکمت عملیوں کے بارے میں جامع معلومات فراہم کرنا تھا۔پروگرام کی صدارت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (ADDC) ڈاکٹر راج کمار تھاپا نے کی، جنہوں نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ’سب کے لئے مکان‘ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے منصوبے کے بروقت اور شمولیتی نفاذ کی اہمیت پر زور دیا۔تکنیکی سیشنز کے دوران، فیلڈ افسران کو آواس پلس 2.0 کے مختلف مراحل اور عمل درآمد کے طریقہ کار کے بارے میں بیدار کیا گیا، خاص طور پر ڈیٹا جمع کرنے اور مستحقین کی رجسٹریشن میں درستگی اور کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیو لپمنٹ (ACD) وجے کمار نے پروگرام کے اہداف اور اب تک کی حاصل شدہ کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ آواس پلس 2.0 کے مقاصد کو مکمل طور پر حاصل کیا جا سکے۔بلاک ڈیولپمنٹ افسران اور رجسٹرڈ سروئیرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ سروے اور رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لائیں تاکہ کوئی بھی اہل مستحق اس اسکیم سے محروم نہ رہ جائے۔تقریب میں محکمہ دیہی ترقی کے بلاک ڈیولپمنٹ افسران اور فیلڈ عملے نے بھرپور شرکت کی اور میدان میں کام کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے تفصیلی بات چیت کی۔