جموں//مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر اے آر ویری نے راجوری میں اوقاف محکمے کی طرف سے عملائے جا رہے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ۔ ایم ایل اے راجوری چودھری قمر حسین کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسر بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ راجوری ضلع کے دورے کے دوسرے دن وزیر نے اولڈ سٹی میں 68 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے شاپنگ کمپلیکس کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے جامع مسجد کا دورہ کر کے وہاں 60 لاکھ روپے لاگت والے اسلامک ریسرچ سنٹر کا افتتاح کیا ۔ وزیر نے راجوری ضلع کے لوگوں کو مبارکباد دی ۔ بعد میں وزیر نے ایک تقریب کے دوران اوقاف اسلامیہ راجوری کی طرف سے دیرپا اثاثے قائم کرنے کیلئے اُن کی کوششوں کی سراہنا کی ۔ وزیر نے تمام متعلقین پر زور دیا کہ وہ سماج کے ہر ایک فرد کو معیاری تعلیم سے روشناس کرانے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت راجوری اور پونچھ اضلاع کو ترقیاتی منظر نامے پر آگے لے جانے کیلئے کافی کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس حوالے سے کئی پروجیکٹوں کا ذکر کیا ۔ اس موقعہ پر وزیر نے پروفیسر ڈاکٹر محمد بشیر ماگرے کی تصنیف کردہ شہنشاہِ جبال جو بابا غلام شاہ بادشاہ ؒ کی زندگی پر مبنی ہے اور ایک اور کتاب کی رسمِ رونمائی انجام دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دو کتابیں لوگوں بالخصوص سکالروں اور طلاب کیلئے کافی فائدہ مند ثابت ہوں گی ۔ مقامی لوگوں کے مطالبات کے تناظر میں وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست میں مدرسہ بورڈ قایم کرنے کے معاملے پر غور کرے گی ۔ ایم ایل اے راجوری چودھری قمر حسین نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور راجوری کی طرف بھر پور توجہ دینے کیلئے وزیر کا شکریہ ادا کیا۔