عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//رکن اسمبلی راجوری، افتخار احمد نے جمعرات کو ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی کے راجوری اور کالا کوٹ ڈویژنوں کے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر (پی ڈبلیو ڈی، پی ایم جی ایس وائی)، دونوں ڈویڑنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز، اے ای ایز اور جے ایز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران رکن اسمبلی نے سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق جاری تمام منصوبوں کا جامع جائزہ لیا۔محکمہ جاتی افسران نے انہیں مختلف پروجیکٹس کی تازہ پیش رفت، کاموں کی موجودہ صورتحال اور ان رکاوٹوں کے بارے میں بریف کیا جن پر فوری انتظامی توجہ کی ضرورت ہے۔افتخار احمد نے اجلاس میں تمام انجینئرنگ ونگز کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جاری کاموں کی رفتار میں تیزی لائی جائے اور کسی بھی منصوبے میں بلاوجہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کم معیار کے کام پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر ترقیاتی منصوبہ اعلیٰ تکنیکی معیار کے مطابق مکمل ہونا چاہیے۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے، مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور زمینی سطح پر نگرانی بڑھائی جائے تاکہ تمام منصوبے وقت پر اور بہترین معیار کے ساتھ مکمل ہوسکیں۔افتخار احمد نے اس بات کو دہرایا کہ عوامی سہولیات اور ترقیاتی ضروریات ان کی اولین ترجیح ہیں۔انہوں نے متعلقہ تمام محکموں سے شفافیت، جوابدہی اور متحرک انتظامی طرزِ عمل اپنانے کی اپیل کی تاکہ ضلع راجوری میں ترقیاتی رفتار مزید تیز ہوسکے۔