سمیت بھارگو
راجوری// راجوری ضلع کے کالاکوٹ باجی مال جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم 30گھنٹوں کے بعد دوسرے روز اختتام پذیر ہوا۔اس مسلح تصادم آرائی میں2 فوجی افسر سمیت5اہلکار اور لشکر کمانڈر سمیت 2ملی ٹینٹ ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت2اہلکارزخمی ہوئے ۔یہ جگہ کا لا کوٹ سے قریب 40کلو میٹر جنگلی علاقہ ہے، جہاں دور دور بکروالوں کے کوٹھے ہیں اوراوپر جانے کیلئے قریب 5کلو میٹر کا پیدل راستہ ہے۔راجوری کے ضلع ہیڈکوارٹر سے یہ 80کلو میٹر دور ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چند ہفتے قبل تتہ پانی کالا کوٹ انکوانٹر میں جو 2ملی ٹینٹ فرار ہوئے تھے، یہ وہی ملی ٹینٹ ہیں اور سیکورٹی فورسز تب سے انکے پیچھے تھی۔سیکورٹی فورسز کے مطابق منگل کی شام مذکورہ 2ملی ٹینٹ ایک مذہبی شخص کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور کھانا کھا کر چکے گئے۔اسکے بعد وہ ایک اور گھر میں داخل ہوئے جہاں انکی مزاحمت کی گئی اور یہ دونوں چلے گئے۔اسکے فوراً بعد سیکورٹی فورسز کو مقامی لوگوں نے اطلاع دی جس کے بعد ایک مقامی آستان کی سی سی ٹی وی فوٹیج نکالی گئی جس میں دو ملی ٹینٹوں کی شناخت ہوئی اور علاقے کو گھیرے میں لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ آس پاس کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے لئے63آر آر اور 9 پیرا کیساتھ پولیس نے محاصرہ کیا ۔بدھ کی صبح ساڑھے 9بجے جب تلاشی پارٹی جنگل کی طرف جارہی تھی تو ملی ٹینٹوں نے اس پر حملہ کیاجس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میںدو فوجی کیپٹن اور دو اہلکار ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت2اہلکار زخمی ہوئے۔ جنہیں فوری طورپر فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے کیپٹن سمیت4 اہلکاروں کو مردہ قرار دیا۔مہلوکین میں63آر آر کے کیپٹن ایم وی پرانجل ساکن کرناٹکہ، سپیشل فورسز کے کیپٹن شھبم ساکن آگرہ اتر پردیش، سپیشل فورسز کے حوالدار عبدالمجید ساکن پونچھ اور لانس نائیک سنجے بست ساکن نینی تال اترا کھنڈ شامل ہیں۔5واں اہلکار جمعرات کی صبح فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوا تاہم اسکی شناخت نہیں ہوسکی۔اسکے علاوہ 9پیرا کے میجر مہرسمیت2 اہلکارزخمی ہوئے جنہیں ادہمپور کے فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔بدھ کی شام 7بجے تک صرف فوجی اہلکاروں کی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ان ہلاکتوں کے بعد پورے جنگلاتی علاقے کی سخت ترین ناکہ بندی کی گئی تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقعہ نہ دیا جائے۔ پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران فوری طورپر راجوری پہنچے اور آپریشن کی از خود نگرانی کر نے لگے۔ اس دوران ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ملی ٹینٹوں کی ممکنہ حرکات و سکنات کو دیکھنے کی کوشش کی گئی۔تاہم فوجی افسران نے بدھ کی شام آپریشن ملتوی کرنے کی ہدایات دیں اور جمعرات کی صبح وسیع جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا۔دوپہر کے وقت ایک ملی ٹینٹ کی ہلاکت ہوئی اور اسکے فوراً بعد دوسرا ملی ٹینٹ بھی مارا گیا۔اسکے بعد سہ پہر 5بجے کے بعد ممکنہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کا اندیشہ نہ ہونے کے بعد آپریشن ختم کیا گیا۔
پاک افغان محاذ پر تربیت یافتہ سنائپر
ڈھانگری حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا:فوج
سمیت بھارگو
راجوری// فوج نے جمعرات کو کہا کہ لشکر طیبہ تنظیم کا ایک تربیت یافتہ سنائپر جو کہ ڈھانگری حملوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے، تصادم میں مارا گیا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے کہا کہ فائر فائٹ میں مارا جانے والا قاری “ایک پاک شہری اور سخت دہشت گرد ہے۔”، ترجمان نے کہاکہ اسے پاک اور افغان محاذ پر تربیت دی گئی ، وہ لشکر طیبہ کا ایک اعلی درجہ کا دہشت گرد لیڈر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے اپنے گروپ کے ساتھ راجوری پونچھ میں سرگرم تھا۔ اسے ڈھانگری اور کنڈی حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی سمجھا جاتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ قاری کوعلاقے میں دہشت گردی کی بحالی کے لیے بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “وہ ایکIEDs کا ماہر ہے، غاروں سے کام کرنے اور چھپنے اور ایک تربیت یافتہ اسنائپر ہے” ۔
مینڈھر میں حادثاتی فائرسے فوجی کی موت
اکھنور میں ڈرون سے ہتھیار گرائے گئے
جاوید اقبال
راجوری// پونچھ ضلع کے مینڈھر میں جمعرات کو لائن آف کنٹرول پر غلطی سے اپنی سروس رائفل گرنے کے بعد ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا۔یہ واقعہ پھگواڑی گیٹ پر سرحد پر باڑ لگانے کے ساتھ پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ مینڈھر سیکٹر میں پھگواری گلی میں باڑ کے قریب جودھ پور کے ایک سپاہی رائفل مین مادھو سنگھ کو حادثاتی طور پر بندوق کی گولی لگی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثاتی طور پر فائر سپاہی کی اپنی رائفل میں ہوا یا کسی ساتھی کی۔ ادھر پولیس نے بتایاکہ سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا، جس میں 9 گرینیڈ اور ایک آئی ای ڈی بھی شامل ہے، جسے جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ ایک ڈرون کے ذریعے گرایا گیا۔حکام نے بتایا کہ یہ سب ایک باکس میں پیک کیا گیا تھا جو صبح سویرے ایل او سی کے قریب پالانوالہ میں پولیس اور فوج کے مشترکہ تلاشی آپریشن کے دوران ملا تھا۔باکس نے شک پیدا کیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بلایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس(آئی ای ڈی)، ایک پستول، دو میگزین، گولہ بارود کے 38 رانڈ اور نو گرینیڈ ملے ہیں۔