عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری قصبے کے مرکزی علاقوں میں گلیوں اور نالیوں کی خراب حالت نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ کئی اہم محلوں میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، بند نالیاں اور گندے پانی کا جمع ہونا روزمرہ زندگی کو مفلوج کر رہا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ادارے صرف دعوے کرتے ہیں، عملی طور پر کوئی کام نہیں ہو رہا۔ نالیوں کی صفائی کئی ہفتوں سے نہیں کی گئی، جس کے باعث گندگی اور بدبو کا راج ہے۔ کئی جگہوں پر سیورج کا پانی سڑکوں پر بہتا ہوا نظر آتا ہے، جو نہ صرف ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث بن رہا ہے بلکہ صحت عامہ کے لئے بھی خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔دکانداروں نے شکایت کی ہے کہ گندگی کے باعث خریدار بازاروں کا رخ نہیں کرتے، جس سے ان کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔ خواتین اور بزرگ شہریوں نے بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صفائی مہم شروع کی جائے اور گلیوں کو قابل آمدورفت بنایا جائے۔مقامی سماجی کارکنوں نے اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو راجوری شہر میں جلد ہی وبائی امراض پھوٹ سکتے ہیں۔عوام نے ضلع انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ زمین پر اتر کر حالات کا جائزہ لیں اور دیرینہ مسائل کا مستقل حل نکالیں۔