سمیت بھارگو +اشرف چراغ
راجوری+کپوارہ //راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی)پر تعینات ایک فوجی جوان اس وقت سرحد پار فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہوا جب جنرل آفیسر ان کمانڈنگ (جی او سی) وائٹ نائٹ کور نے سیکٹر کا دورہ کیا۔شبہ ہے کہ یہ واقعہ سنائپر فائر نوعیت کا ہے۔حکام کے مطابق، حوالدار رینک کے زخمی فوجی جوان سرحدی ضلع میں نوشہرہ سیکٹر کے کلال علاقے میں لائن آف کنٹرول کے آگے کی جگہ پر تعینات کیا گیا تھا۔ حکام نے مزید کہا”انہیں فوری طور پر قریبی آرمی میڈیکل سنٹر منتقل کیا گیا اور راجوری آرمی جنرل ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے” ۔زخمی کی شناخت پورن سنگھ کے طور پر ہوئی ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔ادھرپولیس اور فوج نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران حد متارکہ پر واقع امروہی کرناہ میں ایک سرکاری عمارت کے قریب اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا ۔ مشترکہ آپریشن میں فوڈ اینڈ سپلائزسٹور کے قریب سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک ذخیرہ برآمد کیا گیا۔ یہ کاروائی معمول کی تلاشی کاروائی کے دوران کی گئی جس کا مقصد خطے میں سیکورٹی کو یقینی بنانا تھا۔ پولیس کے مطابق اے کے 2 رائفل، اے کے میگزینز 2 اورگولیوں کے 12 راونڈ بر آمد کئے گئے۔اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔