جموں// پاکستانی فوج نے جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فوج کی اگلی چوکیوں پر فائرنگ کرکے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے اتوار کی صبح چھ بجے بی جی سیکٹر اور بالاکوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جو 6 بجکر 45 منٹ تک جاری رہا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے دو انچ مارٹر گولے داغنے کے علاوہ خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ادھرپاکستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو بچے زخمی ہوگئے۔پاکستان دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر کہا کہ 'بھارتی فورسز نے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر میں گاؤں بالاکوٹ میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا'۔انہوں نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں یہ بھی لکھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں دو بچے زخمی بھی ہوئے جن کی عمریں 9 اور 14 سال ہیں۔نفیس زکریا کے مطابق بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا واقعہ ہفتے کی شب 9 بجکر 50 منٹ پر پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز ہی لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک 60 سالہ خاتون جاں بحق اور ایک 65 سالہ شخص زخمی ہوگیا تھا۔