عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //راجوری ضلع ہیڈ کوارٹر کے سیلانی پل علاقہ میں سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔سڑک خراب ہونے کے بعد کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے جبکہ کھڈوں اور دھول نے عام راہگیروں اور گاڑیوں کا انتظار کرنے والے مسافروں کو مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ۔سیلانی پل کے قریب مرکزی دروازہ، جو کہ راجوری کے اہم راستوں میں سے ایک ہے، اپنی خستہ حالت کی وجہ سے عوام کے لئے ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ دھول، کیچڑ اور بے ترتیبی کی وجہ سے نہ صرف چلنے والے بلکہ گاڑیوں کے لئے بھی یہ جگہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد یہاں کی حالت مزید بگڑ جاتی ہے، جس کی وجہ سے لوگ گزرنے میں دقت محسوس کرتے ہیں۔علاقے کے شہریوںنے اس صورتحال کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حالت نہ صرف ان کی صحت کے لئے خطرہ ہے بلکہ روزمرہ کی زندگی میں بھی مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ دھول کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے، اور بچے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ایک مقامی رہائشی نے کہاکہ ’’ہمیں ہر روز اس دھول اور کیچڑ سے گزرنا پڑتا ہے۔ یہ صورتحال ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ ہمیں فوری طور پر اصلاحات کی ضرورت ہے‘‘۔حیرت کی بات یہ ہے کہ انتظامیہ نے اس مسئلے پر کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس علاقے کی مرمت اور صفائی کا عمل شروع کرے تاکہ شہریوں کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔