سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اگلی چوکی پر ایک بھارتی فوجی گشت پر اچانک فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے مختصر وقت کے لئے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔یہ واقعہ راجوری کے کیری سیکٹر کے بھراٹ گالا علاقے میں ایل او سی پر پیش آیا، جہاں بھارتی فوجی دستے معمول کی گشت پر تھے۔سرکاری ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی ایک گشتی ٹیم بھراٹ گالا کے اگلی چوکی پر معمول کے علاقے پر قابو پانے کی مشق کر رہی تھی کہ اچانک سرحد پار سے ان پر فائرنگ کی گئی۔حکام نے بتایا کہ بھارتی فوجیوں پر کئی راؤنڈ فائر کئے گئے، جس پر فوج کی گشتی ٹیم نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کا تبادلہ کیا۔واقعے کے فوراً بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور فوج نے تلاشی مہم شروع کر دی تاکہ کسی بھی دراندازی کی کوشش یا بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) کی ممکنہ نقل و حرکت کا پتہ لگایا جا سکے۔دوسری جانب، اس واقعے کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیکورٹی گرڈ مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت جواب دیا جا سکے۔