عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// راجوری تا بفلیاز زیرِ تعمیر مغل شاہراہ پر پلوں کی تعمیر سست روی کا شکار ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مقامی باشندوں نے اس اہم شاہراہ پر جاری تعمیراتی کام میں تیزی لانے کا پْرزور مطالبہ کیا ہے تاکہ مسافروں کو درپیش مسائل کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مغل شاہراہ پر درہالی پل سے درہالی موڑ اور اسلام پور پل سے وکاس پل تھنہ منڈی تک کے علاقے میں سڑک کی خراب حالت کے سبب سفر کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔ بارشوں کے دوران کیچڑ اور پھسلن کی وجہ سے مزید مسائل پیدا ہوتے ہیں جبکہ خشک موسم میں گرد اور دھول سے ہر انسان متاثر ہوتا ہے جس کے باعث مقامی آبادی اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پلوں کی تعمیر تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جس سے نہ صرف روزمرہ کے مسافر بلکہ مریضوں، طلباء اور تجارتی سامان لے جانے والے ٹرانسپورٹرز کو بھی دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مغل روڈ پر جاری تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کریں اور سڑکوں کی فوری مرمت کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے اس اہم منصوبے پر خصوصی توجہ دیں اور تعمیراتی رفتار کو تیز کر کے عوام کو سہولت فراہم کریں۔ مغل شاہراہ خطے کے لوگوں کے لئے ایک اہم سفری راستہ ہے، جس کی تکمیل نہ صرف مقامی آبادی بلکہ سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھی ناگزیر ہے۔ عوام کو امید ہے کہ انتظامیہ ان کے مطالبات پر فوری توجہ دے گی اور مغل شاہراہ کے ترقیاتی کام کو جلد پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔