سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے مرکزی بس اسٹینڈ کے نزدیک واقع ایک فوجی کیمپ کی سرحدی دیوار منگل کی صبح شدید بارش کے دوران اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں ملبے تلے دب کر تباہ ہو گئیں۔مقامی لوگوں کے مطابق، واقعہ صبح اس وقت پیش آیا جب شہر میں موسلادھار بارش جاری تھی۔ فوجی کیمپ کی دیوار اچانک گر گئی جس سے کئی گاڑیاں نیچے دب گئیں۔اطلاعات کے مطابق، اس حادثے میں دو گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ ایک گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں تاہم، لوگوں نے اس واقعہ پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ بارش کے دوران اس طرح کی دیواروں کا گرنا ایک سنگین خطرہ ہے اور انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ پرانی اور خستہ حال دیواروں کا فوری معائنہ کرائے۔واضح رہے کہ فوجی کیمپ بس اسٹینڈ کے نزدیک ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے، اور اس واقعہ نے سیکورٹی اور شہری تحفظ سے متعلق کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔واقعے کی تحقیقات کی توقع کی جا رہی ہے، تاکہ اصل وجوہات کا پتا لگایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔