سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو بھارتی فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس نے مشترکہ انسداد دراندازی آپریشن کے دوران ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں ایک پاکستانی دراندازی میں سہولت کاری کرنے والا گائیڈ زندہ گرفتار کر لیا گیا، جو دہشت گردوں کے گروہ کے آگے چل رہا تھا۔یہ دراندازی کی کوشش اتوار کی شام کو تحصیل منجاکوٹ کے علاقے ترکنڈی میں کی گئی، جوگھمبیربٹالین کے تحت بھارتی فوج کی مشہورایس آف سپیڈ ڈویژن کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ذرائع کے مطابق، فوج اور بی ایس ایف کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گردوں کا ایک گروہ دراندازی کی کوشش کر سکتا ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر راجوری اور پونچھ اضلاع کے ایل او سی پر حفاظتی نظام کو مضبوط کر دیا گیا تھا۔اتوار کی شام ترکنڈی سیکٹر میں ایک دراندازی کی کوشش دیکھی گئی، جس میں 4 سے 5 دہشت گرد شامل تھے، جو ممکنہ طور پر جیشِ محمد سے وابستہ تھے۔ بھارتی دستوں نے نہایت مستعدی سے اس کوشش کو ناکام بنایا اور گروہ کے آگے چل رہا ایک پاکستانی گائیڈ زندہ پکڑا گیا۔ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں کا گروہ بھارتی افواج کی کارروائی سے بچنے کے لئے قریبی گہری کھائی میں کود گیا۔ اطلاعات کے مطابق ان میں سے کچھ زخمی بھی ہوئے ہیں، مگر وہ واپس پاکستانی حدود میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔گرفتار شدہ گائیڈ کی شناخت محمد عارف ولد محمد یوسف کے طور پر ہوئی ہے، جو پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے علاقے دتوٹ کا رہائشی ہے۔فوجی ذرائع کے مطابق، گرفتار شدہ شخص کے قبضے سے پاکستانی کرنسی اور دیگر مشکوک و قابلِ اعتراض مواد برآمد ہوا ہے، جو اس کے دراندازی میں ملوث ہونے کو ثابت کرتا ہے۔فوج نے محمد عارف کو ابتدائی تفتیش کے بعد آج پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جہاں اس سے مزید پوچھ تاچھ جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں اور معاونین کا بھی پتہ چلایا جا سکے۔قابل ذکر ہے کہ حالیہ مہینوں میں ایل او سی کے پونچھ و راجوری سیکٹر میں دراندازی کی کوششوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جسے بھارتی سیکورٹی فورسز مسلسل ناکام بنا رہی ہیں۔ اس تازہ کامیابی سے واضح ہوتا ہے کہ بھارتی افواج ایل او سی پر چوکس اور کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔