عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کمشنر ڈاکٹر راج کمار تھاپا نے راجوری ایئر فیلڈ اور اس سے متصل سڑک کے جاری خوبصورتی منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔یہ منصوبہ علاقے کو ایک خوبصورت اور پیدل چلنے والوں کے لئے دوستانہ زون میں تبدیل کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔ اس کے تحت مختلف ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں تاکہ راجوری کی جدید ترقی کو اس کے ثقافتی ورثے کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے۔شہداء ،ثقافتی ورثے، سیاحتی مقامات اور نمایاں اداروں کی عکاسی کرنے والی 3ڈی دیواری پینٹنگز،جمالیاتی بہتری اور زمین کی تزئین و آرائش،سبزہ زاروں اور آرائشی پودوں کی شجرکاری،پیدل چلنے والوں کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے مناسب فٹ پاتھوں کی تعمیروغیرہ منصوبے میں شامل ہیں ۔اجلاس کے دوران محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر نے بریفنگ دی کہ منصوبے کے تحت 200 میٹر دیواروں کا پلستر مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی کام مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے۔اے ڈی ڈی سی ڈاکٹر راج کمار تھاپا نے منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ سیاحوں کے لئے بھی کشش کا باعث بنے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ عوام جلد از جلد اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔