سمت بھارگو
راجوری //ضلع راجوری اور پونچھ کی ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیزنے جموں و کشمیر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے بعد عوامی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران یعنی 25 اگست 2025 تک موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ایڈوائزری کے مطابق دونوں اضلاع سمیت یونین ٹریٹری کے متعدد علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں بادل پھٹنے، فلیش فلڈ، پسیوں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور دریاؤں و مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انتظامیہ نے خاص طور پر ان لوگوں کو متنبہ کیا ہے جو دریاؤں یا نالوں کے کنارے آباد ہیں کہ وہ اگلے دو دن تک غیر ضروری نقل و حرکت سے پرہیز کریں اور کسی بھی صورت میں پانی کے کنارے کیمپ نہ لگائیں۔ اسی طرح مال مویشیوں اور گاڑیوں کو بھی پانی کے چشموں اور نالوں سے دور رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ایڈوائزری میں عوام کے لئے چند اہم ہدایات بھی دی گئی ہیں جن میں غیر ضروری سفر سے پرہیز، خاص طور پر دشوار گزار اور پسیوںکے شکار علاقوں کا رخ نہ کرنا، ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے اجتناب، ٹریکنگ، ہائیکنگ اور دیگر ایڈونچر سرگرمیوں کو عارضی طور پر معطل کرنا شامل ہیں۔ اسی کے ساتھ بجلی کڑکنے یا طوفانی موسم کے دوران درختوں یا بجلی کے کھمبوں کے نیچے پناہ لینے سے پرہیز کی ہدایت دی گئی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ہنگامی لائٹس، خوراک اور دیگر ضروری سامان پہلے سے تیار رکھیں تاکہ بجلی بندش یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کیا جا سکے۔کسانوں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ آندھی اور طوفانی بارش کے وقت کھیتوں سے دور رہیں اور کاٹی گئی فصل کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔ والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو بارش اور طوفانی موسم کے دوران گھروں کے اندر ہی رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔اسی طرح ایسے علاقے جہاںپسیوںکا خطرہ زیادہ رہتا ہے وہاں کے مکینوںکو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر معمولی زمینی حرکت یا دراڑوں کی صورت میں فوراً متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے تمام فیلڈ افسران بشمول ایس ڈی ایمز، تحصیلداروں اور ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ اس ایڈوائزری کو ہر سطح پر عوام تک پہنچایا جائے اور اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
نوشہرہ کے متعددعلاقوں میں بارشوں کا عمل جاری | سڑکیں اورکھڑی فصلیں متاثر، بجلی کی سپلائی درہم برہم
رمیش کیسر
نوشہرہ //پیر پنچال کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ گزشتہ تین روز سے بلا وقفہ جاری ہے۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو علاقے میں شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے آمدورفت مکمل طور پر متاثر رہی۔جموں۔بیری پتن سڑک پر بیری پتن کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے قریب دس گھنٹے تک گاڑیوں کی نقل و حرکت بند رہی، جس کی وجہ سے عام لوگوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور قریبی کھیتوں میں کھڑی فصلیں پانی کی نذر ہوگئیں۔محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ پیر پنچال کے پہاڑی و میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جو کہ درست ثابت ہوا۔ اس بارش کے سبب نہ صرف سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہوئی ہے بلکہ کئی دیہاتوں میں بجلی کی سپلائی بھی منقطع ہوگئی ہے۔ محکمہ بجلی کے اہلکار مسلسل محنت کر رہے ہیں تاکہ جلد از جلد نظام کو بحال کیا جا سکے، تاہم متعدد ٹرانسفارمر آسمانی بجلی گرنے سے خراب ہوگئے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے پیر کوتمام اسکول اور کالج بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ طلباء کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ ضلع و تحصیل انتظامیہ کی طرف سے عوام کے لئے پبلک ایڈوائزری بھی جاری کر دی گئی ہے جس میں لوگوں کو ندی نالوں کے نزدیک نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اعلیٰ افسران اور پولیس کنٹرول روم کی طرف سے عوامی سہولت کے لئے اپنے ٹیلی فون نمبرز بھی فراہم کر دئیے گئے ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں فوری رابطہ قائم کیا جا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ 12 برسوں میں پہلی مرتبہ برسات کے موسم میں اتنی بڑی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ برساتی نالے جو کئی برسوں سے خشک پڑے تھے، اس بارش کے بعد دوبارہ رواں ہوگئے ہیں اور قدرتی آبشاروں کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اگرچہ اس بارش سے جانی و مالی نقصان بھی ہوا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بارش آئندہ سردیوں کے موسم میں برف باری اور پانی کے ذخائر کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔