سمت بھارگو
راجوری//وزیر اعظم نریندر مودی کے 6 جون کو ضلع ریاسی کے متوقع دورے سے قبل، جموں و کشمیر پولیس نے ضلع راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ’ایریا ڈومینیشن‘ مہم کے تحت بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے۔ پولیس کے خصوصی دستوں نے گزشتہ دو روز کے دوران دونوں اضلاع میں 60 سے زائد مقامات پر تلاشی لی ہے۔پولیس حکام کے مطابق، یہ کارروائیاں سپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی نگرانی میں عمل میں لائی گئیں اور ان کی قیادت متعلقہ ضلعی پولیس افسروں (ڈی پی اوز) نے کی۔ذرائع نے بتایا کہ جن مقامات پر تلاشی لی گئی ہے، ان میں اکثریت اْن افراد کی جائیدادوں یا رہائش گاہوں کی ہے جن کا تعلق یا تو پاکستان یا پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر سے سرگرم دہشت گردوں سے ہے یا وہ ان کے مقامی معاون (اوور گراؤنڈ ورکرز ) ہیں۔ضلع راجوری میں تقریباً 35 مقامات پر تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں جبکہ ضلع پونچھ میں 25 سے زائد جگہوں پر چھاپے مارے گئے۔ تلاشی مہم کے دوران مقامی باشندوں سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی اور مشکوک حرکات و سکنات پر نظر رکھی گئی۔سیکورٹی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ ریاسی کے پیش نظر خطہ پیر پنچال، خاص طور پر راجوری اور پونچھ اضلاع، کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں راجوری اور پونچھ سرحدی اضلاع میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس کے پیش نظر سیکورٹی ادارے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تلاشی مہم آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔