سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد آنے والے اچانک سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے دو افراد کی لاشیں منگل کو برآمد کر لی گئیں۔ ہلاک شدگان میں راجوری کا ایک بیس سالہ نوجوان اور پونچھ کی سات سالہ بچی شامل ہیں۔ دونوں کو گزشتہ روز پانی کے تیز بہاؤ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔راجوری کے علاقہ مبارکپورہ کیریاں میں بیس سالہ عاطف حسین شاہ ولد اشفاق حسین شاہ سکنہ دسہل، پیر کی شام ایک نالہ پار کرنے کی کوشش کے دوران پانی کے تیز ریلے میں بہہ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف ٹیموں، پولیس، سول انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ ڈرون کیمرے بھی تلاش میں استعمال کئے گئے۔ڈپٹی ایس پی ایس ڈی آر ایف جبین اختر کے مطابق نوجوان کی لاش مناور توی کے دلوگڑہ علاقے میں برآمد ہوئی جو جائے وقوعہ سے تقریباً 13 کلومیٹر نیچے تھی۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر ریونیو جہانگیر خان اور ایڈیشنل ایس پی بکرام کمار بھگت بھی موقع پر موجود رہے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ لاش کو جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔دوسری جانب، ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقہ ماڑہ کی سات سالہ آسیہ کوثر دختر مشتاق احمد بھی پیر کو دریائے سرن میں اچانک آئے پانی کے ریلے میں بہہ گئی تھی۔ منگل کے روز اس کی لاش شندرا علاقے سے برآمد ہوئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق بچی اپنی والدہ کے ساتھ دریا کے کنارے موجود تھی جب وہ اچانک پانی کی زد میں آگئی۔انتظامیہ نے دونوں اضلاع کے عوام کو ایک مرتبہ پھر ہدایت دی ہے کہ وہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری طور پر دریاؤں اور نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔