سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور ریاسی اضلاع میں رات بھر ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے کے واقعات پیش آئے، جس کے باعث اہم سڑکیں بند ہو گئیں۔ ان سڑکوں میں وہ راستے شامل ہیں جو ضلع ہیڈکوارٹرز کو سب ڈویژنوں سے جوڑتے ہیں اور فوجی و سول ٹریفک کے لئے نہایت اہم تصور کئے جاتے ہیں۔راجوری،کنڈی،بدھل روڈ جو کہ راجوری ضلع ہیڈکوارٹر کو کوٹرنکہ سب ڈویژن سے جوڑتا ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل طور پر بند ہو گیا۔ اسی طرح، ریاسی،ارناس،مہور روڈ جو کہ مہور سب ڈویژن اور ارناس کو ضلع ریاسی سے جوڑتا ہے، بھی شدید بارش کے بعد ملبے سے ڈھک گیا۔حکام کے مطابق، سڑکوں کی بندش کے بعد بارڈر روڈس ٹاسک فورس (BRTF) کی 110 آر سی سی یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کیا۔ 31بی آر ٹی ایف کے اہلکاروں نے چند گھنٹوں میں سڑکوں کو دوبارہ قابل آمد و رفت بنایا، جس سے عوام اور سیکورٹی اداروں کو بڑی راحت ملی۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث فوجی اور سول ٹریفک دونوں معطل ہو گئے تھے، جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر دور دراز کے علاقوں میں جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی اٹھانی پڑی، کیونکہ ان سڑکوں کے بند ہونے سے روزمرہ آمدورفت کے ذرائع مفلوج ہو کر رہ گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ روز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی ہے، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے مزید خطرات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ مقامی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں مقامی انتظامیہ یا پولیس کو فوری اطلاع دیں۔دوسری جانب، عوام نے بارڈر روڈس ٹاسک فورس کی بروقت کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر فورس نے فوری طور پر سڑکوں کی بحالی نہ کی ہوتی تو ان علاقوں کا دیگر اضلاع سے رابطہ مکمل طور پر کٹ جاتا۔