سمت بھارگو
راجوری//محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دو روز کے دوران شدید بارش اور خراب موسم کی پیش گوئی کے بعد راجوری اور پونچھ اضلاع میں انتظامیہ نے اتوار کو عوامی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں لوگوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر ندی نالوں اور زمین کھسکنے والے علاقوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔ اسی دوران دونوں اضلاع میں تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں موسلا دھار بارشوں سے ہونے والے بڑے پیمانے پر نقصانات اور عوامی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دریاؤں، برساتی نالوں اور پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب جانے سے جان و مال کو شدید خطرہ لاحق ہے اور عوامی تعاون ہی کسی بھی بڑے حادثے کو ٹالنے کا ضامن ہو سکتا ہے۔ایڈوائزری کو عام کرنے کے لئے پولیس اور ریونیو حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہروں اور دیہات میں مسلسل لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کریں۔ پولیس گاڑیاں مختلف علاقوں میں گشت کر کے عوام کو موسم سے متعلق خبردار بھی کر رہی ہیں۔دریں اثنا، ضلع راجوری میں محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو 18 اگست کو بند رکھنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ضلع پونچھ میں بھی انتظامیہ نے اسی نوعیت کے احکامات جاری کیے ہیں اور پیر کے روز تمام اسکول بند رہیں گے۔گزشتہ دو روز کے دوران لگاتار بارشوں نے دونوں اضلاع میں بڑے پیمانے پر نقصانات پہنچائے ہیں۔ متعدد دیہی و بین الاضلاعی سڑکیں بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو چکی ہیں جس سے آمدورفت اور ضروری سامان کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو جانے سے فصلیں بھی برباد ہو رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی رہائشی مکانات، باڑیں اور مویشی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نقصان کے تخمینے میں مصروف ہے۔انتظامی حکام نے بتایا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں، ریونیو عملہ اور پولیس اہلکار ہمہ وقت چوکس ہیں۔ ضلعی افسران نے ہدایت دی ہے کہ فیلڈ اسٹاف اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری امداد فراہم کریں۔عوام سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ پلوں، نالوں اور چھوٹے دریاؤں کے قریب جانے سے اجتناب کریں کیونکہ پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ زمین کھسکنے والے دیہات کے رہائشیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وقتی طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔ پنچایتی نمائندوں کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران جموں خطے کے کئی حصوں میں درمیانی سے شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ پہاڑی اور نازک جغرافیائی ڈھانچے کے باعث راجوری اور پونچھ اضلاع میں طغیانی اور زمین کھسکنے کے خطرات سب سے زیادہ ہیں۔