عظمیٰ یاسمین+محمد تسکین+اشتیاق ملک
تھنہ منڈی+بانہال+ڈوڈہ //جموں و کشمیر کے راجوری، ڈوڈہ اور بانہال میں المناک سڑک حادثات کے دوران4خواتین سمیت6افراد لقمہ اجل جبکہ25افراد زخمی ہوئے۔
راجوری
تھنہ منڈی راجوری کے رینہ محلہ وارڈ 2 میں ایک دلدوز حادثہ کے دوران ایک ایکو گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہرہو کر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 4ہلاکتیں ہوئیں۔پولیس کے مطابق ایک ایکو گاڑی زیر نمبر/1278 JK11C کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب وہ رات کے تقریبا ًدو بجے بفلیاز سے بھنگائی کی طرف جا رہی تھی ۔گاڑی ڈرائیو کے کنٹرول سے باہر ہوئی اور تھنہ منڈی کے رینہ محلہ وارڈ نمبر دو میں حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری ۔اس واقعہ میںگاڑی میں سوار 4افراد کی موت ہو گئی، جبکہ دیگر8 شدید طور پر زخمی ہوئے۔اگر چہ یہ رات کا وقت تھا تاہم مقامی افراد نے پولیس کی مدد سے تمام زخمیوں کو علاج معالجہ کے لئے سی ایچ سی تھنہ منڈی پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امدادکے بعد تمام زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال راجوری منتقل کر دیا گیا ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ اورلوڈنگ کے باعث پیش آیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایکو گاڑی میں سوار یہ تمام افراد اپنے ایک قریبی رشتہ دار کی موت پر ٹوپی پیر بفلیاز گئے ہوئے تھے جہاں سے رات دو بجے کے قریب یہ لوگ واپس اپنے گھر بھنگائی جا رہے تھے کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئے۔ حادثے میں تین لوگوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور 25سالہ محمد یونس ولد محمد صادق ساکن بھنگائی ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔حادثے میں مہلوکین کی شناخت شمیم اختر (55) زوجہ منیر حسین، روبینہ کوثر (35) زوجہ پرویز احمد، زرینہ بیگم (38) زوجہ محمد اعظم اور محمد یونس (38) ولد محمد صادق کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 8 شدید زخمیوں کی شناخت شاہین بیگم (40) زوجہ محمد صادق، زیتون بیگم (35) زوجہ فاروق، شاہین بیگم (45) زوجہ حاکم دین، بیگم جان (50) زوجہ فضل حسین، فاطمہ بیگم (50) زوجہ محمد مکھنا، ثریا بیگم (35) زوجہ محمد قاسم، کلثوم بیگم (40) زوجہ برکت حسین اور محمد قاسم (60) ولد غلام حسین ساکنان موضع بھنگائی کے طور پر کی گئی ہے۔
بانہال
بدھ کی شام سب ڈویژن بانہال کے کھڑی علاقے میں ہرنیہال کے مقام پرایک ٹاٹا سومو سڑک سے لڑھک گئی ۔ اس حادثے میں ایک خاتون کی موت واقع ہوئی جبکہ دس دیگر مسافر زخمی ہوئے۔پولیس ، فوج ، مقامی لوگ اور رضاکاروں نے بچاؤ کارروائیوں کے دوران زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کردیا تاہم پیشے سے ٹیچر ناہیدہ بشیر زوجہ طارق احمد ڈار ساکن ہولن بانہال اس حادثے میں جاں بحق ہوئی۔یہ ٹاٹا سومو مہو سے بانہال کی طرف آرہی تھی اور حادثہ ہرنیہال کے مقام پر پیش آیا۔تمام زخمی بانہال سے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کئے گئے ۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ ضلع گندوہ علاقے میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان جان بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے ہی۔ بدھ کے روز 4 بجے کے قریب گواڑی کالجگاسر سڑک پر توائی پل کے نزدیک ایک ٹاٹا سومو زیر نمبر/7231 JK14C ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری جس میں سوار 7 افراد زخمی ہوئے۔ حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو نزدیکی پرائمری ہیلتھ سینٹر چنگا منتقل کیا جہاں سونو کمار (15)ولد موہن لال ساکن بونیچہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ سمن کمار (21)ولد بنسی لال ساکن بونیچہ، وسیم احمد (21)ولد جعفر حسین ساکن صوتی، میتھن کمار(14)ولد مہندر سنگھ ساکن بونیچہ ،رنجیتہ دیوی (42)زوجہ ہمیت راج ساکن بونیچہ، سنمپل کمار (23)ولد کلدیپ سنگھ ساکن ککوٹہ ،کیسر سنگھ (65)ولد جمیت رام ساکن بونیچہ زخمی ہوئے ہیں۔بی ایم او گندوہ ڈاکٹر گھنشام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 3 زخمیوں کو جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا گیا اور تین زخمی پی ایچ سی چنگا میں زیر علاج ہیں جبکہ ایک پندرہ سالہ لڑکا جاں بحق ہوا ہے۔
منوج سنہا کا اظہارِ رنج
یو این آئی
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں پیش آنے والے بھیانک سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔موصوفنے اس دلدوز سڑک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘راجوری میں پیش آئے المناک سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر گہرا صدمہ ہوا’۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ پسماندگان جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے، کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدام کر رہی ہے اور زخمیوں کے علاج و معالجے کے لئے بھی ضروری اقدام کئے جا رہے ہیں۔