جموں//سیکورٹی فورسز نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے راجوری اور ادھم پور اضلاع کے دور دراز جنگلاتی علاقوں میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوںکی تلاش میں تیزی لائی۔جہاں منگل کی شام راجوری کے کنڈی کے بیرانتھب علاقے میں پولیس اور کچھ ملی ٹینٹوں کے درمیان ایک مختصر تصادم ہوا، وہیں ادھم پور کے بسنت گڑھ کے دھرنی ٹاپ علاقے میں بھی تین مشتبہ ملی ٹینٹوں کو حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ فوج اور سی آر پی ایف کی مدد سے پولیس نے اطراف کے علاقوں کا محاصرہ مضبوط کیا اور بدھ کی صبح ملی ٹینٹوںکا سراغ لگانے اور انہیں بے اثر کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کو ملحقہ علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے لیکن اب تک ملی ٹینٹوںسے کوئی نیا رابطہ نہیں ہوا ہے۔جموں کے انسپکٹر جنرل آف پولیس، بھیم سین توتی نے منگل کو بتایاتھا کہ “ملی ٹینٹوں اور ایس او جی (خصوصی آپریشن گروپ) کی ٹیم کے درمیان بیرنتھب علاقے، پولیس اسٹیشن کنڈی، راجوری میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ پارٹیاں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا‘‘۔