عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی سے ملاقات کی، جس میں اُنہیں ڈوڈہ میں زمینی صورتحال اور جاری آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزارت دفاع نے ایکس پر پوسٹ کیاکہ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کی صبح فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی سے بات چیت کی۔ آرمی چیف کے ذریعہ وزیر دفاع کو زمینی صورتحال اور ڈوڈہ میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ادھر راج ناتھ سنگھ نے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں۔ سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میںوزیر دفاع نے کہاکہ ڈوڈہ (جموں وکشمیر) میں ایک انسداد دہشت گردی آپریشن میں ہمارے بہادر اور دلیر ہندوستانی فوج کے سپاہیوں کے نقصان پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرا دل سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔ سنگھ نے کہاکہ قوم اپنے فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں، اور ہمارے فوجی دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے اور خطے میں امن و امان کی بحالی کیلئے پرعزم ہیں۔