نئی دہلی //جموں کشمیر میں گورنر راج کے نفاذکی خبروں کے بیچ ریاست کے گورنر این این ووہرا نے منگل کو نئی دلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کوریاست کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال سے تفصیلی طور آگاہ کیا جس دوران حالات پر فوری طور قابو پانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر این این ووہرا کو گزشتہ دنوں نئی دلی طلب کیا گیا تاکہ وادی کی موجودہ صورتحال کی نسبت ان سے جانکاری حاصل کی جاسکے۔یہ اقدام وادی میں طلبہ کے احتجاجی مظاہروں اور پتھرائو کے واقعات میں اضافے کے تناظر میں اٹھایا گیا ۔انکی نئی دہلی میں وزیر اعظم سے بھی ملاقات کا پروگرام ہے۔منگل کو انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی۔40منٹ تک جاری رہنے والی میٹنگ میں ریاست بالخصوص وادی کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔گورنر ووہرا نے وزیر داخلہ کو سرینگر کی پارلیمانی نشست پر حالیہ ضمنی انتخاب ، اس دوران پیش آئے تشدد کے واقعات اور اس کے بعد طلبہ کے احتجاجی مظاہروں اور سنگباری کے واقعات میں اضافے کے بارے میں تفصیلی طور آگاہ کیا ۔میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے وادی کے حالات پر فوری طور قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں مرکز کی طرف سے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔راجناتھ سنگھ نے ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں پر عمل آوری کے بارے میں بھی این این ووہرا کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس بات کا قوی امکان ہے کہ گورنر این این ووہرا نئی دلی میں قیام کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ گورنر این این ووہرا نے گزشتہ روز مرکزی داخلہ سیکریٹری راجیو مہریشی کے ساتھ ریاست کی تازہ ترین صورتحال پر غوروخوض کیا تھا۔