سرینگر//مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ23اکتوبربروزمنگل ایک روزہ دورے پرسرینگرپہنچ رہے ہیں ۔یہاں قیام کے دوران وہ وادی کی سیکورٹی صورتحال بشمول جنگجوئیانہ سرگرمیوں میں آئی تیزی، بلدیاتی انتخابات کے تناظرمیں مجموعی سیاسی صورتحال اور دیگر امورات کابھی جائزہ لیں گے۔ راجناتھ سنگھ ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کریں گے جبکہ وہ ریاستی گورنرستیہ پال ملک کیساتھ علیحدہ طور پر میٹنگ کرکے اُن سے ریاست کی موجودہ سیاسی وسیکورٹی صورتحال سے متعلق جانکاری حاصل کرکے آئندہ اُٹھائے جانے والے اقدامات کوبھی زیرغورلائیں گے ۔ مرکزی وزیر داخلہ پولیس ،فورسز،فوج ،خفیہ ایجنسیوں اورسیول انتظامیہ کے اعلیٰ ذمہ داروں کیساتھ ایک اہم میٹنگ کے دورا ن اُن سے جنگجوئیانہ سرگرمیوں ،سرحدپارسے جنگجوئوں کی دراندازی ،حال میں کرائے گئے بلدیاتی انتخابات ،آئندہ ماہ سے کرائے جانے والے پنچایتی انتخابات اورریاست سے جڑے مسائل ومعاملات کے بارے میں جانکاری لیں گے۔ بتایاجاتاہے کہ مرکزی وزیرداخلہ کے وفد میں مرکزی داخلہ سیکرٹری ریوجیوگوباسمیت کئی اعلیٰ حکام بھی ہونگے ۔