بینگلورو// انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کی جس نیلامی کا طویل عرصے سے انتظار تھا، سنیچر سے شروع ہوگئی۔ نیلامی میں مارکی کھلاڑیوں کی پہلی فہرست میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس 12 کروڑ 50 لاکھ کی سب سے زیادہ قیمت کے ساتھ راجستھان رائلس کی ٹیم کا حصہ بن گئے جبکہ پہلے مرحلے کی نیلامی میں دھماکہ خیز کریبیائی کھلاڑی کرس گیل کو کوئی خریدار نہیں ملا ہے ۔ نیلامی میں شامل کل 578 کھلاڑیوں میں 360 ہندوستانی ہیں جو دو دنوں تک چلنے والی نیلامی کے عمل میں داؤ پر ہوں گے ۔ یہاں نیلامی کے عمل کا آغاز اوپنر شکھر دھون سے ہوا، جنہیں سنرائزرس حیدرآباد نے 5.2 کروڑ روپے میں خریدا ہے ۔ اس سے قبل دلی کے کھلاڑی کے لئے کنگس الیون پنجاب نے سب سے اونچی بولی لگائی تھی لیکن حیدرآباد نے دھون کے لئے رائٹ ٹو میچ متبادل سے انہیں اپنی ٹیم میں برقرار رکھا۔ اس کے بعد اسٹار آل راؤنڈر روی چندر اشون دوسرے کھلاڑی رہے جنہیں پنجاب نے ان کے بیس پرائس دو کروڑ سے زیادہ خرچ کرکے 7.6 کروڑ روے میں خریدا۔ تامل ناڈو کے اسٹار کھلاڑی طویل عرصے سے چنئی سپر کنگس کا حصہ رہے ہیں لیکن ان کی پرانی ٹیم نے انہیں ریٹین نہیں کیا۔ ممبئی انڈینس سے ونڈیز آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو رائٹ ٹو میچ متبادل سے ٹیم میں برقرار رکھا گیا جبکہ دلی نے ان پر 5.4 کروڑ کی بولی لگائی تھی۔ نیلامی کے عمل میں گیل چوتھے کھلاڑی تھے لیکن آٹھ میں سے کسی بھی ٹیم نے ان پر بولی ہی نہیں لگائی۔ مارکی کھلاڑیوں میں پہلے سیٹ کی بولی میں انگلش آل راؤنڈر اسٹوکس سب سے پرکشش کھلاڑی رہے جن پر جم کر بولی لگائی گئی اور بالآخر راجستھان نے انہیں سب سے بڑی قیمت 12 کروڑ 50 لاکھ میں خریدا۔ حالانکہ اسٹوکس کی یہ قیمت ان کی گزشتہ ایڈیشن کے قیمت 14 کروڑ 50 لاکھ روپے سے کچھ کم ہے ۔ راجستھان نے اسٹوکس پر اس وقت اتنی اونچی قیمت لگائی ہے جب وہ قانونی جھمیلوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اگر اسٹوکس کوبرسٹل بار کے باہر مار پیٹ کے معاملے میں سزا ہوجاتی ہے اور وہ آئی پی ایل کے باقی کے میچوں کے لئے دستیاب نہیں ہوتے تو راجستھان کو ان کی جگہ کسی دوسرے متبادل کے انتخاب کی اجازت ہوگی۔ دلچسپ بات ہے کہ رائل چیلنجرز بینگلورو نے اپنے اہم کھلاڑی مشیل اسٹارک کو ریٹین کے لئے آر ٹی ایم کارڈ کا استعمال نہیں کیا۔ لیکن آسٹریلیائی تیز گیند باز اسٹارک کو کولکاتا نے 9.4 کروڑ روپے کی اونچی بولی لگاکر خریدا ۔ راجستھان فرنچائزی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر رنجیت بھورتھاکر نے اسٹوکس پر بڑی رقم خرچ کرنے کے بارے میں صحافیوں کو بتایا کہ اسٹوکس کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے اور یہ پورا معاملہ ابھی عمل میں ہے ۔ دیگر مارکی کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈو پلیسز کو چنئی نے ایک کروڑ 60 لاکھ میں آر ٹی ایم کارڈ سے ریٹین کیا جبکہ اجنکیا رہانے کو چار کروڑ روپے میں راجستھان نے اور ڈیون براوو کو 6.4 کروڑ روپے میں چنئی نے ریٹین کیا ہے ۔ آسٹریلیائی بلے باز گلین میکسویل کو دلی نے 9 کروڑ روپے میں، گوتم گمبھیر کو دلی نے 2.8 کروڑ، بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو سن رائزرس نے دو کروڑ روپے میں خریدا۔ ممبئی کے سابق کپتان اور تجربہ کار کھلاڑی ہربھجن سنگھ کو چنئی نے ان کے بیس پرائز دو کروڑ میں اور پنجاب نے یووراج سنگھ کو ان کے بیس پرائز دو کروڑ روپے میں ہی اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن پر حیدرآباد نے تین کروڑ خرچ کئے ہیں۔ انگلینڈ کے کپتان اور بہترین بلے باز جو روٹ کو ان کے بیس پرائز 1.5 کروڑ میں بھی کسی نے نہیں خریدا۔