سرینگر//سلک فیکٹری روڈ راجباغ میں اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب وہاں ایک ٹریفک حادثہ کے بعد ایک ٹپر اور سویفٹ کار میں آگ لگ گئی ۔یہ حادثہ گذشتہ شب اس وقت پیش آیا جب سویفٹ کار زیر نمبرHR13H-1278 اور ٹپرزیر نمبرJK02G-1278 کے مابین ٹکر ہوئی ۔عین شاہدین کے مطابق رات کے ساڑھے10بجے یہ حادثہ پیش آیا اور اسکے ساتھ ہی دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے سویفٹ کارتباہ ہوئی اور ٹپر کو بھی آگ سے شدید نقصان ہوا ۔اس موقعہ پر پولیس اور محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز نے بتایا کہ عین شاہدین کے مطابق ٹپر سڑک پر کھڑا تھا اور پیچھے سے تیز رفتار سویفٹ کار نے ٹپر کی ڈیزل ٹنکی کو زور دار ٹکر ماری جس کے ساتھ ہی آگ نمودار ہوئی ۔اس حادثہ میں سویفٹ کار کا ڈرائیور پرویز احمد والد غلام محی الدین ساکن ورنو لولاب زخمی ہوا اور اسے ہسپتال میں داخل کیا گیا ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔