سرینگر //پولیس نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر کی سرکاری رہائش گاہ سے 4رائفلیں اڑانے میں ملوث مطلوب جنگجو کو زخمی حالت میں راجباغ کے پرائیویٹ اسپتال سے گرفتار کیا گیا۔ادھر شوپیان میں فورسز نے شبانہ چھاپوں کے دوران 3نوجوانوں کو حراست میں لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ چند روز قبل جنوبی کشمیر میں جھڑپ کے دوران آزاد بستی نٹی پورہ سرینگرکا ایک جنگجو دانش حنیف وانی ولد محمد حنیف عرف ابو دجانہ زخمی ہوا تھا، جسے زخمی حالت میں کرسو راجباغ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں سے پولیس نے انہیں حراست میں لیا۔ وہ 8جنوری 2019کو جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوگیا تھا۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ دانش 30دسمبر 2018کو جواہر نگر علاقے میں کانگریس لیڈر مظفر پرے کی سرکاری رہائش گاہ سے 4رائفلیں اڑانے میں ملوث تھا۔دانش کیخلاف راجباغ پولیس تھانے میں پہلے ہی کیس درج ہے۔ادھرمنگل اور بد ھ کی درمیانی رات فورسزاہلکار شوپیان کے وہیل گائوں میں چْن چْن کر بعض رہائشی مکانوں میں داخل ہوئے اور نوجوانوں کی گرفتاریاں عمل میں لانے کا آغاز کیا۔اس موقعے پر فوج نے سات نوجوانوں کو حراست میں لیا اور جب انہوںنے گرفتار شد گان کو گا ڑی میں بھر نا شروع کر دیا تومقامی مردوزن کی ایک بڑی تعداد گھروںسے باہر نکل آئی اور احتجاجی مظاہرے شروع کئے جس کے دوران عمر شفیع، آصف ملک اور فیم شاہ ساکنان وہیل کو اپنے ساتھ لے گئے۔