محمد تسکین
بانہال// موسم کی خرابی ، برفباری اور بارشوں کے دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سفر کرنے کیلئے ٹریفک حکام نے مسافر گاڑی والوں سے کہاکہ وہ سرما کے دوران شاہراہ پر سفر کیلئے ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کی جانے والی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں تاکہ سڑک حادثات اور مسافروں کی پریشانیوں کو کم سے کم کیا جاسکے ۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے روہت بسگوترا نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما کے پیش نظر شاہراہ کا سفر کرنے والوں سے تلقین کی جاتی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں ہی شاہراہ کا سفر کریں اور بزرگوں ، بچوں اور خواتین کو ساتھ لیکر انتہائی مجبوری کی صورت میں ہی رات کا سفر کریں کیونکہ ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گرنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی والے شاہراہ پر کسی بھی پریشانی کی صورت میں ناشری اور بانہال کے درمیان ٹریفک پولیس کی طرف سے پینٹر سے لکھوائے گئے تین سو ایسے بورڈوں سے بھی مدد لے سکتے ہیں جن میں ٹریفک کنٹرول یونٹ اور دیگر ٹریفک نمبرات لکھے گئے تاکہ پریشان لوگ فوری رابطہ کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ناشری اور بانہال ٹنل کے درمیان جموں سرینگر قومی شاہراہ پر خراب گاڑیوں کو ٹھیک کرنے کیلئے میکنک اور گاڑی مستریوں کے نمبرات لکھے ایک سو کے قریب فلیکس بورڈ بھی نصب کئے گئے ہیں اور لوگ ان نمبرات سے مدد حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے لوگ گاڑی خراب ہونے یا کسی دوسری مشکلات کی صورت میں فون کرتے ہیں اور انہیں فوری مدد بہم پہنچائی جاتی ہے۔ ایس ایس ٹریفک نے مزید کہا کہ رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ پر مسافروں اور گاڑی والوں کی پریشانیوں کو کم سے کم کرنے کیلئے ایک واٹس ایپ گروپ بنایا گیا ہے جس میں انتظامیہ، پولیس ، ٹریفک پولیس ، نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا ، تمام تعمیراتی کمپنیوں کے حکام رکھے گئے ہیں اور اس سے ہمیں فوری مدد پہنچانے میں کم وقت لگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ برفباری کے دوران شاہراہ پر سفر کے دوران مسافر گاڑی والوں کو ایک ٹارچ اور ایک رسی گاڑی میں ضرور رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس کے مقام ویا ڈکٹ کا ایک لین اور بانہال بائی پاس کے آئندہ چند مہینوں میں مکمل ہونے کی امید ہے اور اس سے بانہال اور ڈھلواس کے علاقوں میں ٹریفک جام اور ٹریفک کی سست روی پر قابو پایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے مہینے میں رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، ادھم پور اور ریاسی کے پانچ اضلاع میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث گاڑی والوں پر دس ہزار سے زائد چالان کئے گئے ہیں جبکہ ایک کروڑ سے زائد کی رقم کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس اب تک نیشنل ہائے ویز پر 80ہزار سے زائد چالان کئے گئے ہیں جبکہ تین کروڑ سے زائد کی رقم کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل مقصد سڑک حادثات میں کمی لانا ہے اور اس کیلئے جرمانوں اور چالانوں کے بجائے گاڑی والوں کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنا چاہئے ۔