سرینگر//شبانہ سردی نے وادی کے لوگوں کو ٹھٹھرنے پر مجبور کردیا ہے۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات درج کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران درجہ حرارت منفی4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جو اب تک کا سب سے کم ہے۔کڑاکے کی سردی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جمعہ کی صبح نہ صرف جھیل ڈل کے اندرونی علاقے جزوی طور پر منجمند ہوئے تھے بلکہ کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی لائنیں بھی منجمند ہوگئی تھیں جس کے باعث ایسے علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر رہی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مطلع صاف رہنے کے باعث رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہورہی ہے۔ تاہم اگلے 24گھنٹوں کے دوارن مغربی ہوائیں چلنے کے باعث امکانی طور پر بالائی علاقوں میں ہلکی برف بارہوسکتی ہے۔جبکہ میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔دریں اثناء پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6ڈگری ، گلمرگ میں 6.2ریکارڑ کیا گیا۔