محمد تسکین
بانہال//پیر کی رات ہوئی شدید بارشوں کے نتیجے میں گر آئی پسیوں اور پتھروں کی وجہ سے ٹھپ ہوئی 272 کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر منگل صبح ٹریفک کو بحال کیا گیا ہے اور درماندہ ٹریفک کو نکالنے کے بعد جموں اور سرینگر سے ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔ منگل کے روز جموں سے مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹریفک کو یکطرفہ ٹریفک میں ہی چلنے کی اجازت تھی جبکہ مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی ۔ مہاڑ کے مقام سڑک کا ایک بڑا حصہ دریائے چناب کیطرف دھنس جانے کی وجہ سے یہاں شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے ۔پیر کی شام سے منگل علی الصبح تک ہوئی بارشوں کی وجہ سے شاہراہ ڈھلواس ، مہاڑ اور کشتواڑی پتھر شیر بی بی کے مقام اوپر پہاڑیوں سے گر آنے والے ملبے ، کیچڑ ، پسیوں اور پتھروں کی وجہ سے بند ہوگئی تھی اور ٹریفک حکام کو ٹریفک بند رکھنے کا فیصلہ کرنا پڑا تھا۔ جس کیوجہ سے چندرکوٹ اور رام بن کے سیکٹر میں گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد درماندہ ہو کر رہ گئی تھی۔ منگل کی صبح سے ہی نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی تعمیراتی کمپنیوں نے شاہراہ سے ملبہ اور پسیوں کو صاف کرنے اسے صبح دس بجے ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کیا گیا اور ضلع رام بن میں درماندہ پڑے ٹریفک کو ترجیح بنیادوں پر بحال کیا گیا ۔ صبح کے اوقات میں کئی مقامات پر سڑک کی حالت خراب تھی تاہم بعد میں ان مقامات کو صاف کرکے معمول کے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن روہت بسکوترا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈھلواس ، مہاڑ، کشتواڑی پتھر شیر بی بی سمیت شاہراہ کے معتدد مقامات پر سڑک سے ملبہ ،کیچڑ اور گر آئے پتھر صاف کرنے کے بعد پہلے ضلع رام بن میں درماندہ ٹریفک کو بحال کیا گیا یے جس میں زیادہ تعداد وادی کشمیر کیطرف جانے والے ٹرکوں کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں ادہم پور اور قاضی گنڈ سے بھی مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔انہوں نے گاڑی والوں سے اپیل کی ہیکہ وہ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق ہی اپنا سفر کریں اور شاہراہ پر آنے سے پہلے سڑک اور موسم کی صورتحال کے بارے میں جانکاری لیں اور اس کیلئے جموں و کشمیر ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر کیطرف سے جاری کئے جانے والے آپ ڈیٹس اور ایڈوائزری سے استعفادہ کیا جاسکتا ہے ۔