عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ضلع راجوری کی تحصیل درہال میں پی ایم جی ایس وائی (PMGSY) محکمے نے ڈوڈاج سے مدون تک سڑک کی بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا، لیکن دیہاتیوں کی جانب سے ناقص معیار کی شکایات کے بعد یہ کام تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔ اس علاقے کے باشعور مکینوں ،جن میں مرتضیٰ مرزا، اعجاز ملک اور دیگر شامل ہیں، نے موقع پر پہنچ کر اس کام کی ویڈیوز بنائیں، جس میں ناقص معیار کے بلیک ٹاپ کا پردہ فاش کیا گیا۔مکینوں نے یہ بھی دکھایا کہ اس سڑک پر استعمال ہونے والا ناقص بلیک ٹاپ مواد ہاتھ سے ہی آسانی سے ہٹایا جا سکتا ہے، جس سے واضح ہوا کہ کام میں معیار کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ سرکاری فنڈز کو بے دریغ استعمال کیا گیا ہے اور کام محض رسمی طور پر کیا گیا ہے۔مکینوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کے انجینئرز اور ٹھیکیدار ملی بھگت سے کام کر رہے ہیں اور عوام کے پیسے کا ضیاع کیا جا رہا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکام فوری طور پر ناقص معیار کے کام کا نوٹس لیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔