یواین آئی
کیپ ٹاؤن/جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز کاگیسو ربادا کو منشیات کے استعمال کے الزام میں ایک ماہ تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے ۔ ساؤتھ افریقن انسٹی ٹیوٹ فار ڈرگ فری اسپورٹس (ایس اے آئی ڈی ایس) نے ایک بیان میں ربادا کو دوبارہ کھیلنے کی اجازت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کے آغاز میں ربادا کا 21 جنوری کو ڈربن سپر جائنٹس اور ایم آئی کیپ ٹاؤن کے درمیان میچ کے بعد ڈوپنگ کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ایس اے آئی ڈی ایس نے ہندوستان میں آئی پی ایل کھیل رہے ربادا کو اس حوالے سے یکم اپریل 2025 کو مطلع کیا تھا۔ 3 اپریل کو گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) نے ربادا کی وطن واپسی کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر گھر گئے ہیں۔ کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس اے ) نے ہفتے کی دوپہر کو اس پورے واقعے کو افسوسناک قرار دیا تھا۔ ربادا نے سی ایس اے سے معافی مانگ لی تھی۔ربادا نے کہا تھا کہ “میں ہر اس شخص سے معافی مانگتا ہوں جس نے میری وجہ سے شرمندگی محسوس کی ہے ۔ میں کبھی بھی کرکٹ کھیلنے کے استحقاق کو ہلکے میں نہیں لوں گا۔ کرکٹ کھیلنے کا یہ حق میری ذاتی خواہشات سے کہیں زیادہ ہے ۔” ایس اے آئی ڈی ایس کے مطابق، ربادا نے منشیات کے استعمال کی روک تھام سے متعلق آگاہی مہم میں حصہ لیا ہے اور وہ بدھ کو آئی پی ایل 2025 میں ممبئی انڈینز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلے گئے مقابلے کے لئے دستیاب ہوں گے ۔ ربادا اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے بھی دستیاب ہو سکتے ہیں۔