عظمیٰ نیوز سروس
رائے پور//چھتیس گڑھ میں رائے پور-بلودا بازار روڈ پر سارا گاوں کے پاس ایک چھوٹے ٹرک اور ٹرالر کی شدید ٹکر میں 13لوگوں کی دردناک موت ہو گئی۔ وہیں حادثے میں 12افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ لوگ بانا بنارسی سے ایک پروگرام میں شامل ہو کر لوٹ رہے تھے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ اس کی اطلاع رائے پور ایس پی لال امید سنگھ نے دی۔حادثے میں جان گنوانے والے 13لوگوں میں 9خواتین اور 4بچے شامل ہیں۔ رائے پور ایس پی لال امید سنگھ نے بتایا کہ چٹود گاوں سے کچھ لوگ چھٹی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے بنسری گائوں گئے تھے۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد وہ واپس آ رہے تھے۔ اسی دوران رائے پور-بلودا بازار سڑک پر حادثہ ہو گیا۔ تیز رفتار ٹرک سے پہلے ماجدا ٹکرائی، پھر دوسرے ٹریلر میں ماجدا جا گھسی۔ ٹکر کے بعد موقع پر ہی 13 لوگوں کی جان چلی گئی۔رائے پور کے کلکٹر گورو کمار سنگھ نے بتایا کہ اتوار کی رات قریب 12.00 بجے حادثے کی اطلاع ملی تھی۔ ایم ایل اے نے اس حادثہ کی خبر دی۔ اس کے بعد فوری طور پر انتظامیہ کی ٹیم سرگرم ہوئی اور زخمیوں کو پاس ہی کے اسپتال میں علاج کے لیے بھرتی کروایا۔ اب تک 13 لوگوں کی موت کی خبر ہے جبکہ 12 افراد زخمی ہیں۔ اگر انہیں کوئی ضرورت ہوگی تو فوری امداد کی جائے گی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کھرورا اور میڈیکل کالج رائے پور بھیجا گیا ہے۔حادثے میں جن لوگوں کی موت ہوئی ہے وہ آرنگ اسمبلی حلقہ کے رہنے والے ہیں۔ جہاں دردناک سڑک حادثہ ہوا وہ دھرسیواں اسمبلی حلقہ میں آتا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی دونوں حلقوں ایم ایل اے بھی زخمیوں کی جانکاری لینے پہنچ گئے۔ اس کے ساتھ ہی کلکٹر، ایس پی اور ضلع انتظامیہ کی ٹیم بھی موقع پر موجود رہی۔ فی الحال حادثے کی جانچ کے حکم دے دیئے گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ مال ڈھونے والی گاڑی میں 50 سے زیادہ لوگ سوار تھے۔