بارہمولہ//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے بارہمولہ میں زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تبادلہ خیال کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں کشمیر کے لوگ ہندوستان کے دشمن نہیں ہیں اور رائے شماری کا مطالبہ کرنا کسی بھی طرح سے ہندوستان کی سالمیت کے خلاف نہیں۔ اس موقعہ پر انجینئر رشید نے سامعین کے سوالوں کے مدلل جوابات دئے اور واضح کیا کہ تحریک مزاحمت کو منظقی انجام تک پہنچانا کسی ایک جماعت یا فرد کی ذمہ واری نہیں ۔ انجینئر رشید نے کہا کہ وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ تحریک مزاحمت کشمیر پر ہی محیط ہے ان کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ جب بھی ہندوستان اور پاکستان کشمیریوں کو آر پار حق خود ارادیت کا موقعہ دیں گے تو دنیا دیکھ لے گی کہ کس طرح ریاست کے لوگ کشمیریوں کی قربانیوں اور جذبات کو مد نظر رکھ کر اپنا فیصلہ صادر کریں گے۔ انہوں نے کہا اٹانومی اور سیلف رول کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوں کے دشمن ہیں ۔ پوچھا جا سکتا ہے کہ اگر دلی اور اسلام آباد اپنے اپنے مواقف میں رتی بھر بھی نرمی لانے کیلئے تیار نہیں ہیں تو کشمیری کیوں معاملے کی اہمیت کو گھٹانے کی دانستہ کوششوں کا حصہ بن رہے ہیں ۔ کشمیری لیڈر شپ کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے مل کر رائے شماری کے مطالبے کا ساتھ دیں ۔انجینئر رشید نے اس موقعہ پر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے لوگوں کو سردیوں کے بے رحم تھپیڑوں کے بھروسے نہ چھوڑیں بلکہ لوگوں کے مسائل کا حل ڈھونڈنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔