سرینگر //عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے مرکزی مذاکرات کار دنیشور شرما سے ملاقات کے دوران نئی دلی پر غیر حقیقی اورمتکبرانہ طرز عمل چھوڑ کر یہ سمجھنے کیلئے زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کسی شارٹ کٹ سے نہیں بلکہ فقط رائے شماری سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاچکا ہے اور یہی ایک معزز اور معتبر طریقہ ہے جس کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حتمی طور حل کیا جا سکتا ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو لیکر کشمیریوں میں کسی طرح کا ابہام نہیں ہے بلکہ یہ نئی دلی ہے جو اس مسئلے کے حوالے سے ابہام کا شکار دکھائی دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی دلی کو یہ بات طے کر لینی چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرنے پر آمادہ ہوکر پورے جنوب ایشیائی خطہ میں امن کا ماحول بنانا چاہتی ہے یانہیں۔انجینئر رشید نے دنیشور شرما پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ جنگجو قیادت اور پاکستان سمیت سبھی متعلقین کو شامل کئے بغیر کی جانے والی کوئی بھی بات چیت کچھ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی ہے ۔