سرینگر//موٹر سائیکل سازی کی معروف کمپنی ’رائل این فیلڈ ‘نے بھارت میں اپنے مقبول کروزنگ ماڈل میٹیور 350 کا نیا اور جدید ورژن لانچ کر دیا ہے۔ 2025 ماڈل کو چار مختلف اقسام میں پیش کیا گیا ہے: فائر بال، اسٹیلر، اورورا اور سپرنووا۔ اس ماڈل میں سات نئے رنگوں کے اختیارات اور متعدد تکنیکی و ڈیزائن اپ گریڈ شامل کیے گئے ہیں۔نئی میٹیور 350 میں 349 سی سی کا جے،سیریز ایئر کولڈ انجن موجود ہے، جو 6100 آر پی ایم پر 20.2 بی ایچ پی طاقت اور 4000 آر پی ایم پر 27 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ 2025 وریژن میں نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں جن میں ایل ای ڈی ہیڈ لیمپس، ٹریپر نیویگیشن پوڈ، ایل ای ڈی انڈیکیٹرز، یو ایس بی ٹائپ،سی فاسٹ چارجنگ پورٹ، اسسٹ اینڈ سلپ کلچ اور ایڈجسٹ ایبل لیورز شامل ہیں۔کمپنی کے مطابق فائر بال اور اسٹیلر ویرینٹس میں ابٹریپر پوڈ اور ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس معیاری خصوصیات کے طور پر دی جا رہی ہیں جبکہ سپرنووا اور اوردوسرے اقسام میں ایڈجسٹ ایبل لیورز شامل کیے گئے ہیں تاکہ طویل سفر کے دوران مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ایشر موٹرز لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور’ رائل این فیلڈ‘ کے سی ای او بی گووندراجن نے اس موقع پر کہا ’’میٹیور 350 صرف ایک موٹر سائیکل نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے۔ اس نے نوجوانوں کو اپنی طرف راغب کیا ہے جو شہروں اور ہائی ویز پر ایک منفرد انداز میں سفر کرنا چاہتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ نئے وریژن سے رائیڈرز کو ایک بہتر اور جدید تجربہ حاصل ہوگا۔